آج کی تاریخ

اسرائیل کا ایران پر دوبارہ حملے کا منصوبہ، ایرانی فوج مکمل ہائی الرٹ

تہران میں کشیدگی کی فضا ایک بار پھر گہری ہو گئی ہے، اسرائیل کی جانب سے ممکنہ حملے کے خطرے کے باعث ایران نے اپنی فوج کو مکمل طور پر ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں فوجی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل دوبارہ حملے کی جرات کرتا ہے تو ایران کی جوابی کارروائی پہلے سے کہیں زیادہ شدید، منظم اور تباہ کن ہوگی۔
ایرانی سرکاری ٹی وی نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ملاقات محض ایک “منصوبہ بند سیاسی ڈرامہ” تھی، جس کا مقصد ایران کو اشتعال دلانا ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران کے خفیہ ٹھکانوں پر ہزاروں کی تعداد میں میزائل اور ڈرونز پوری تیاری میں ہیں، اور اس بار قدس فورس، بحریہ اور بری فوج مکمل جنگی کردار ادا کریں گی۔
یاد رہے کہ 13 جون کو اسرائیل کے فضائی حملوں میں ایران کے متعدد سینئر فوجی افسران اور جوہری سائنسدان ہلاک ہوئے تھے، جس کے ردعمل میں ایران نے بھی شدید میزائل حملے کیے تھے جن میں 28 اسرائیلی شہری مارے گئے تھے۔
اس 12 روزہ شدید جنگ میں ایران کو 1000 سے زائد شہادتوں کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ امریکا نے بھی فردو، نطنز اور اصفہان میں واقع ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کیے، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔
اگرچہ 24 جون سے دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی نافذ ہے، لیکن خطے میں تناؤ ایک بار پھر بڑھ گیا ہے، اور کسی بھی لمحے حالات دوبارہ تصادم کی طرف جا سکتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں