تل ابیب: اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے غزہ کی پُرتشدد صورتحال کے حوالے سے اہم پیش رفت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل جلد ہی غزہ کے 75 فیصد علاقے سے اپنی افواج کو واپس بلانے کے لیے تیار ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بہت جلد غزہ کا علاقہ حماس کی موجودگی کے بغیر نظر آئے گا۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق، کاٹز نے واضح کیا کہ غزہ کے باقی 25 فیصد حصے میں فوجی آپریشن جاری رکھنا نہ صرف غیر ضروری ہے بلکہ یہ یرغمال بنائے گئے افراد کی جانوں کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حماس کے ساتھ آئندہ دنوں میں 60 دن کی عارضی جنگ بندی پر اتفاق ممکن ہے، جس کے تحت 10 زندہ یرغمالیوں کی رہائی اور ہلاک شدگان میں سے نصف کی میتوں کی واپسی کا امکان ہے۔
وزیر دفاع نے تسلیم کیا کہ فائر بندی کے تمام نکات پر مکمل اتفاق رائے ابھی تک نہیں ہو سکا، تاہم اُن کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے دوران باقی اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے طے کیا جا سکتا ہے۔
