کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا بجٹ بڑھا دیا ہے، جس کے بعد ریٹینر شپ اخراجات تقریباً 1173.49 ملین روپے تک پہنچ جائیں گے۔ رواں برس 30 کھلاڑیوں سے معاہدے کیے جائیں گے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں پانچ زیادہ ہیں۔
اس بار ریٹینر شپ کے اخراجات میں 37 فیصد (319 ملین روپے) اضافہ ہوا ہے، جبکہ مینز ڈومیسٹک کنٹریکٹس کے بجٹ میں 34 فیصد کمی کی گئی ہے، جو اب 450 ملین روپے تک محدود کر دیا گیا ہے۔
ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے بھی بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ معاہدہ شدہ خواتین کھلاڑیوں کی تعداد 16 سے بڑھا کر 24 کر دی گئی ہے، جبکہ ان کی ریٹینر شپ کی رقم 121 فیصد اضافے کے ساتھ 69 ملین روپے کر دی گئی ہے۔ ویمنز ڈومیسٹک کنٹریکٹس کا بجٹ بھی معمولی اضافے کے بعد 37.2 ملین روپے تک پہنچ گیا ہے۔
ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پی سی بی نے 12 نئے فرسٹ کلاس گراؤنڈز سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے، جن کی دیکھ بھال اور پچز کی تیاری کے لیے اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا۔ اس منصوبے پر 93.6 ملین روپے خرچ ہوں گے۔
ہیومن ریسورس بجٹ میں بھی 444 ملین روپے رکھے گئے ہیں، جو نئی بھرتیوں، تنخواہوں میں اضافے اور دیگر مراعات پر خرچ ہوں گے۔
پی ایس ایل سیزن 11 کے لیے بجٹ تیاری کا عمل بھی جلد مکمل ہوگا، جبکہ موجودہ بجٹ میں 2.5 بلین روپے کا سرپلس رکھا گیا ہے۔ لاہور، کراچی اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز میں جاری ترقیاتی کاموں کے لیے 6 بلین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
