اڈالاڑ(نمائندہ قوم)اڈالاڑ میںبے ہنگم تاریں درست نہ ہوسکیں۔میپکو کی مبینہ غفلت کرنٹ لگنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق، اہلِ علاقہ کا شدید احتجاج ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ۔تفصیلات کیمطابق میپکو سب ڈویثرن بستی ملوک کے واپڈا حکام کی مبینہ غفلت اور بے حسی کے باعث عبداللہ نامی دس سالہ بچہ گھر کے قریب کھیل رہا تھا کہ اچانک بجلی کے کھمبے سے لٹکی ننگی تار کو چھو گیا اور موقع پر ہی کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا۔ مقامی افراد کے مطابق علاقے میں بجلی کی تاریں بے ہنگم، ٹوٹی ہوئی اور خطرناک حالت میں تھیں۔عبداللہ کے والدین نے بتایا کہ وہ کئی بار میپکو سب ڈویژن بستی ملوک کے متعلقہ ایس ڈی او اور دیگر اہلکاروں کے پاس جا چکے تھے اور تحریری و زبانی شکایات کر چکے تھے۔ لیکن ان کی کسی نے نہ سنی اور کوئی کارروائی نہ کی۔ ’’اگر ہماری درخواستیں سن لی جاتیں اور تاریں درست کر دی جاتیں تو آج ہمارا بیٹا زندہ ہوتا‘‘علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بار بار توجہ دلانے کے باوجود واپڈا حکام نے نہ صرف خاموشی اختیار کیے رکھی بلکہ کبھی موقع پر آ کر حالات کا جائزہ لینا بھی گوارا نہ کیا۔واقعے کے بعد اہلِ علاقہ بڑی تعداد میں جمع ہو گئے اور میپکو کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے میپکو چیف سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ذمہ دار افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
