اسلام آباد:نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف حصوں میں 10 جولائی تک موسلادھار بارشوں اور سیلاب کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے کابل، سندھ، چناب اور جہلم میں پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے اور دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
دریائے چناب کے مرالہ اور خانکی، دریائے جہلم کے منگلا، اور دریائے کابل کے نوشہرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ کا خدشہ ہے۔ علاوہ ازیں دریائے سوات، پنجکوڑہ اور پیر پنجال سے نکلنے والے ندی نالوں میں بھی سیلابی صورتحال کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں کے ساتھ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ندی نالوں کے بہاؤ میں بھی شدید اضافہ متوقع ہے۔ گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ، شیگر اور دیگر ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ برقرار ہے۔
این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور بروقت کارروائیاں جاری ہیں۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر قیمتی اشیاء اور مویشی محفوظ جگہوں پر منتقل کریں اور ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں۔
مزید برآں، مقامی انتظامیہ کو ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سیلابی علاقوں میں پانی میں ڈوبی ہوئی سڑکوں اور پلوں سے گزرنے سے گریز کریں اور سرکاری الرٹس پر عمل کریں۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے آگاہ رہنے کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔
