آج کی تاریخ

بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ اور سوچ سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کی خودمختاری یا سلامتی کو چیلنج کرنے کی کوشش کی تو اسے انتہائی سخت، گہرا، دردناک اور غیر متوقع ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے موقع پر “نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس” کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے بدلتے ہوئے جنگی نظریات، ہائبرڈ خطرات اور علاقائی چیلنجز پر روشنی ڈالی اور موجودہ اور مستقبل کی قیادت کی عملی تیاری پر زور دیا۔
انہوں نے بھارت کے “آپریشن سندور” میں ناکامی کو بھارت کی ناقص حکمت عملی اور تیاریوں کی عکاسی قرار دیا، اور کہا کہ بھارت پاکستان کی فوجی کامیابیوں کو تسلیم کرنے سے گریز کرتا ہے اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے حقائق سے منہ موڑ رہا ہے۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے اپنے فوجی عزائم میں ناکامی کا الزام بیرونی مدد پر ڈالنا ایک غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے۔ پاکستان کی کامیابی اس کی دہائیوں پر مشتمل حکمت عملی، مضبوط اداروں اور مقامی صلاحیتوں کی مرہون منت ہے۔
انہوں نے بھارت کے خطے میں خود کو “نیٹ سیکیورٹی پرووائیڈر” ظاہر کرنے کی کوششوں کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ہندوتوا پالیسی اور جارحانہ رویہ خطے کے ممالک کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔
فیلڈ مارشل نے یاد دلایا کہ پاکستان نے ہمیشہ اصولی سفارتکاری، باہمی احترام اور پرامن تعلقات کو ترجیح دی ہے اور خطے میں استحکام کا کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کسی بھی اقتصادی مرکز، فوجی تنصیب یا بندرگاہ پر حملے کی صورت میں ردعمل نہایت شدید، تکلیف دہ اور حوصلہ شکن ہوگا، اور ایسی کسی بھی صورتحال کی مکمل ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ جنگیں میڈیا مہمات یا جدید ہتھیاروں سے نہیں بلکہ قومی عزم، پیشہ ورانہ قابلیت اور ادارہ جاتی مضبوطی سے جیتی جاتی ہیں۔
انہوں نے مسلح افواج کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فارغ التحصیل افسران کو دیانت، قربانی اور قوم کے ساتھ وفاداری کا درس دیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں