کراچی:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات سمیت کویت اور عمان میں پاکستانیوں کے ویزوں سے متعلق مسائل جلد حل کیے جائیں گے، حکومت ان معاملات پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔
کراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے ابتدائی دس ایام پرامن انداز میں گزرے، جس کا سہرا تمام صوبوں کے تعاون کو جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران موبائل سروسز صرف ضرورت کے مطابق بند کی گئیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی ہو۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں، اور جلد پاکستان کا پاسپورٹ نمایاں بہتری کے ساتھ عالمی فہرست میں اوپر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کو ملک کی ترقی سے جوڑتے ہوئے بتایا کہ اگر کراچی صحتمند ہو گا تو پورا پاکستان ترقی کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسمگلنگ پر قابو پانے کے لیے دو برس میں مؤثر کارروائیاں کی گئیں، جبکہ 1200 کلومیٹر ساحلی پٹی کی نگرانی کے لیے کوسٹ گارڈ کی استعداد کار بڑھائی جا رہی ہے، مزید دو گشت کشتیوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ نادرا کے ذریعے شناختی کارڈز میں شہریوں کے ممکنہ کریمنل ریکارڈ کی جانچ پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی کا سیف سٹی پروجیکٹ شہر کو محفوظ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا، جیسا کہ دیگر شہروں میں ہوا ہے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ حکومت نے 64 بڑے ٹیکس دہندگان کو خصوصی پاسپورٹ کی پیشکش کی، تاہم صرف 18 افراد نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے انکروچمنٹ، پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی شہری مسائل پر بھی بات کی اور کہا کہ ریاست کی رٹ قائم کرنے کے لیے وزیراعظم اور آرمی چیف کی قیادت میں اہم اجلاس منعقد ہو چکے ہیں، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر کارکردگی پر زور دیا گیا ہے۔
