لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس سیزن کا آغاز 15 اگست سے حنیف محمد ٹرافی سے ہوگا۔
حنیف محمد ٹرافی میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن کے میچز کوئٹہ اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کی ٹاپ دو ٹیمیں قائداعظم ٹرافی کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
قائداعظم ٹرافی کا آغاز 22 ستمبر سے ہوگا اور یہ 7 نومبر تک اسلام آباد اور راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔ اس میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جو 29 میچز کھیلیں گی۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ یکم سے 12 مارچ تک فیصل آباد میں منعقد ہوگا۔ اس سیزن میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ بھی متعارف کروایا گیا ہے۔
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں سے ٹاپ دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے میں جائیں گی۔ سپر 10 میں براہِ راست کراچی وائٹس، لاہور وائٹس، پشاور، کراچی بلیوز، سیالکوٹ، اسلام آباد اور فیصل آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ چار ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس بھی اس سیزن کا حصہ ہوں گے۔ انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کے ریجنل ٹورنامنٹس بھی اس مرتبہ شیڈول کیے گئے ہیں۔
