آج کی تاریخ

پنجاب میں شدید حبس برقرار، بارش کب ہوگی؟

پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سسٹم موجود ہونے کے باوجود گرمی اور حبس کی شدت کم نہ ہو سکی کیونکہ بادل برسنے سے گریزاں ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش متوقع ہے، لاہور میں دن کے اوقات میں ہلکی جبکہ رات کے وقت شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ممکنہ بارش کے پیش نظر ایم ڈی واسا نے نکاسی آب کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جن میں لیہ کے علاقے کروڑ میں سب سے زیادہ 37 ملی میٹر بارش ہوئی۔
دیگر اضلاع میں کوٹ ادو میں 31، ڈیرہ غازی خان 29، بھکر 23، میانوالی 8، لاہور 7 اور نارووال میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ قصور، منڈی بہاؤالدین اور ملتان سمیت دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا یہ سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر آسمانی بجلی کے دوران محفوظ مقامات پر پناہ لیں، خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں، اور بارش کے دوران گاڑی آہستہ چلائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں