دبئی میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی جانب ایک اور بڑا قدم اٹھایا گیا ہے، جہاں پہلی بار اڑنے والی ٹیکسی کی کامیاب آزمائشی پرواز کی گئی۔
روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی دبئی کی جانب سے اس مکمل الیکٹرک ایئر ٹیکسی کی آزمائش کی گئی، جو کہ رن وے کے بغیر ہیلی کاپٹر کی طرز پر زمین پر اترنے اور اُڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے اس جدید فضائی سواری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اسے مستقبل کی سفری سہولت قرار دیا۔
اتھارٹی کے مطابق، ایئر ٹیکسی اگلے برس مکمل طور پر تجارتی بنیادوں پر سروس کا آغاز کرے گی، جس کا مقصد تیز رفتار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرنا ہے۔
یہ تجربہ دبئی کے صحرا میں کیا گیا، جہاں Joby Aviation کے تعاون سے تیار کردہ اس ایئر ٹیکسی نے اپنی صلاحیتوں کا کامیاب مظاہرہ کیا۔
یہ فضائی ٹیکسی 160 کلومیٹر تک کا سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 320 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچتی ہے۔
دبئی ایئرپورٹ سے پام جمیرہ تک کا فاصلہ جو گاڑی سے 45 منٹ میں طے ہوتا ہے، یہ ایئر ٹیکسی محض 12 منٹ میں طے کر سکتی ہے۔
پہلی کمرشل پروازوں کے لیے خصوصی اسٹیشن دبئی ایئرپورٹ کے قریب قائم کیا جائے گا۔
اگر یہ منصوبہ کامیابی سے نافذ ہوا تو دبئی دنیا کا پہلا شہر بن جائے گا جہاں فضائی گاڑیوں کو باقاعدہ پبلک ٹرانسپورٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔Joby Aviation کے بانی اور سی ای او جو بین بیورٹ کا کہنا ہے کہ دبئی مستقبل کی فضائی ٹرانسپورٹ کا عالمی مرکز بننے جا رہا ہے۔
