آج کی تاریخ

ایرانی حملے پر حیرت ہوئی، دوطرفہ تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں: قطری وزیراعظم

دوحا: قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان نے ایرانی میزائل حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف غیر متوقع تھا بلکہ دو طرفہ تعلقات پر بھی منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
دوحا میں لبنانی وزیراعظم نواف سلام کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قطری وزیراعظم نے کہا کہ قطر کی سرزمین پر حملہ ناقابل قبول ہے اور یہ بین الاقوامی سفارتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہمیں ایران کے اس اقدام پر حیرت ہوئی، کل کا واقعہ قطری عوام کے لیے ایک دھچکے کے مترادف تھا اور ہم اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔”
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایران کے ساتھ ہمسائیگی پر مبنی تعلقات متاثر نہ ہوں گے، تاہم حملے کے اثرات دوطرفہ تعلقات پر ضرور پڑیں گے۔
قطری وزیراعظم نے اس موقع پر قطر کی افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی حملے کے جواب میں ہماری فوج نے بھرپور دفاع کیا اور قطری ایئر ڈیفنس سسٹم نے میزائل حملے کو ناکام بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قطر اپنی خودمختاری کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
محمد بن عبدالرحمان نے مزید کہا کہ قطر نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے، ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر اتفاق ہوا ہے جس میں خلیج تعاون کونسل کی دوست ریاستوں نے اہم کردار ادا کیا، ہم ان کی کوششوں کے معترف ہیں۔ لبنان کے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی خواہش کی بھی حمایت کرتے ہیں۔
لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے اس موقع پر قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی خودمختاری کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنا چاہیے، تاہم اسرائیل کی طرف سے ایرانی خودمختاری کی خلاف ورزی بھی ناقابل قبول ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں