دوحا: قطر نے اپنے ملک میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی میزائل حملوں کے بعد ایران کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرلیا۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق قطری وزارت خارجہ نے ایران کی جانب سے قطر میں قائم امریکی فوجی اڈے العدید پر میزائل داغے جانے کے معاملے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے قطر میں تعینات ایرانی سفیر کو طلب کیا تاکہ اس معاملے پر وضاحت لی جا سکے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قطر میں موجود امریکی العدید بیس پر میزائل حملہ ایران کا دفاعی اقدام تھا جو کہ اپنے خودمختار دفاع کے حق کے تحت کیا گیا، اور اس حملے کا قطر سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ یہ کارروائی ایران اور قطر کے دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کے لیے نہیں کی گئی۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی نے بھی اس حوالے سے قطری قیادت کو ایک باضابطہ پیغام دیا جس میں کہا گیا کہ ایران ایک اچھے ہمسائے کی حیثیت سے قطر کے ساتھ باہمی تعلقات کو جاری رکھنے اور مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
یاد رہے کہ ایران نے یہ میزائل حملے اُس وقت کیے جب امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی کوشش کی گئی، جس کے جواب میں ایران نے قطر میں موجود امریکی بیس العدید کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ خوش قسمتی سے اس حملے میں امریکی اڈے کو کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں پہنچا۔
