آج کی تاریخ

امریکی حملے سے ایران کا جوہری فیول سائیکل متاثر نہیں ہوا: روسی سیکیورٹی عہدیدار

ماسکو: روسی سیکیورٹی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین دمتری میدیدوف نے کہا ہے کہ امریکی فضائی حملوں کے باوجود ایران کا جوہری فیول سائیکل متاثر نہیں ہوا، اور ایران یورینیئم کی افزودگی کے عمل کو بدستور جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے میدیدوف کا کہنا تھا کہ حملے کے نتیجے میں صرف معمولی نقصان ہوا، لیکن ایران کا جوہری پروگرام اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ فعال ہے۔ ان کے مطابق، اس وقت دنیا کے کئی ممالک ایران کو براہ راست جوہری ہتھیار فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی ریاستی مشینری نہ صرف محفوظ ہے بلکہ حالیہ واقعات کے بعد اور زیادہ مضبوط ہو چکی ہے۔ جو افراد پہلے سپریم لیڈر کے مخالف تھے، اب وہی ان کے حق میں سڑکوں پر نکل کر ریلیاں نکال رہے ہیں۔
دمتری میدیدوف نے مزید کہا کہ اسرائیلی شہر اب بھی راکٹ حملوں اور دھماکوں کی زد میں ہیں، اور وہاں کے شہری شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔
امریکی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے میدیدوف نے کہا کہ امریکا ایک نئے جنگی محاذ میں داخل ہو چکا ہے، اور زمینی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ انہوں نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جسے کبھی “پریزیڈنٹ آف پیس” کہا جاتا تھا، اب وہ امریکا کو ایک نئی جنگ میں جھونک چکا ہے۔ ان کے مطابق، اب ٹرمپ نوبل امن انعام کی امید بھی چھوڑ دیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں