تہران: ایرانی خبر رساں ادارے “تسنیم” کے مطابق، اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں میں ایران کے صوبہ یزد میں پاسداران انقلاب (IRGC) کے کم از کم 10 اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ فضائی حملے اتوار کے روز کیے گئے، جنہیں ایران کے خلاف 13 جون سے جاری اسرائیلی کارروائیوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک علیحدہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے مغربی، مشرقی اور وسطی علاقوں میں قائم کم از کم 6 اہم ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی عبرانی میڈیا کے مطابق مہرآباد، مشہد اور دزفول کے ایئرپورٹس ان حملوں کا ہدف بنے۔
اسرائیلی فضائیہ کے بیان میں کہا گیا کہ ان حملوں کے دوران ایران کے 15 طیارے اور ہیلی کاپٹر تباہ کر دیے گئے، جن میں F-14، F-5 اور AH-1 جنگی طیارے بھی شامل ہیں۔ حملوں میں رن وے، زیر زمین بنکرز، اور ایندھن بھرنے والے طیاروں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملوں نے ایرانی فضائیہ کی طاقت اور اس کی فضائی آپریشنز کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
