اس وقت ایکویریئنز کے لیے کائنات کے دروازے حیران کن حد تک کھل چکے ہیں۔ وہ تمام معاملات جو پچھلے چند ہفتوں یا مہینوں سے رکے ہوئے تھے، الجھن میں ڈال رہے تھے، یا آپ کے لیے مالی، ذاتی یا پیشہ ورانہ طور پر نقصان دہ ثابت ہو رہے تھے—اب اُنہیں نہ صرف حل کرنا ممکن ہے بلکہ مکمل طور پر کنٹرول میں لانا بھی ممکن ہو چکا ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب قدرت آپ سے یہ مطالبہ کر رہی ہے کہ آپ اپنی منتشر توانائی کو سمیٹیں، اپنی اندرونی تبدیلیوں کو قبول کریں، اور ایک نئے باب کا آغاز کریں—ایسا باب جو آپ کی زندگی کے کئی بند راستوں کو کھول دے۔
یہ ہفتہ خاص طور پر دو بڑے فلکیاتی واقعات کی وجہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اور ان دونوں کی توانائی آپ کے لیے مکمل طور پر موافق ہے۔ پہلا واقعہ 26 جون کو پیش آئے گا، جب عطارد، جو کہ تخلیقی، تجزیاتی اور رابطہ کاری کا سیارہ ہے، آپ کے ساتویں زاویے میں داخل ہوگا۔ یہ زاویہ تعلقات، شراکت داری، قانونی معاہدات، ازدواجی و کاروباری روابط، اور عوامی ساکھ سے وابستہ ہے۔ جب عطارد اس جگہ پر آتا ہے، تو نہ صرف بات چیت میں نکھار آتا ہے بلکہ پرانے معاہدے تازہ دم ہوتے ہیں، غلط فہمیاں دور ہوتی ہیں، اور نئے، مفید رابطے قائم ہوتے ہیں۔
میرے مشاہدے اور تجربے کے مطابق، اس وقت عطارد کے اثرات ایکویریئنز کے لیے 90 فیصد سے زائد امکان کے ساتھ مثبت اور نتیجہ خیز ہوں گے۔ خاص طور پر اگر آپ نے گزشتہ ایک یا ڈیڑھ ماہ کے دوران کسی اہم معاہدے پر دستخط کیے تھے—چاہے وہ کسی فرد، ادارے یا کاروباری گروہ سے تھا—تو اب وقت آ گیا ہے کہ آپ کو اس معاہدے کی منظوری یا اُس کے ثمرات کی خبر ملے۔ اگر آپ کسی لیگل کیس، کمرشل ڈیل، یا سرکاری منصوبے میں الجھے ہوئے تھے، تو اب وہاں سے خوشخبری کا امکان ہے۔ بعض افراد کے لیے یہ کسی کاروباری شراکت کی کامیاب لانچ، کسی خاندانی رکاوٹ کا خاتمہ، یا کسی رشتے کے پیچیدہ معاملات کی بہتری کی صورت میں ظاہر ہوگا۔
عطارد کے اس مقام پر ہونے کا دوسرا فائدہ یہ ہے کہ آپ کی بات چیت میں اثر بڑھ جائے گا۔ وہ ایکویریئنز جو اپنے الفاظ کے چناؤ میں محتاط رہتے ہیں یا جو اپنی بات کو بہتر طریقے سے دوسروں تک نہیں پہنچا پاتے، اب انہیں یہ موقع ملے گا کہ وہ نہ صرف اپنی بات کہیں، بلکہ لوگوں کے دلوں اور ذہنوں پر اثر بھی چھوڑیں۔ پبلک اسپیکنگ، نیٹ ورکنگ، یا مذاکرات جیسے معاملات میں آپ کی صلاحیتیں ابھر کر سامنے آئیں گی۔
تیسرا فائدہ یہ ہوگا کہ اگر آپ کسی جذباتی یا ازدواجی تناؤ سے گزر رہے تھے، تو عطارد کی یہ پوزیشن معاملات میں توازن پیدا کرے گی۔ نرمی، مفاہمت، اور بات چیت کے دروازے کھلیں گے۔ اور اگر آپ کسی نئے رشتے، تعلق یا شراکت کی شروعات کے بارے میں سوچ رہے ہیں، تو یہ بہترین وقت ہے۔
یہ ہفتہ ایکویریئنز کے لیے محض ستاروں کی چمک کا وقت نہیں، بلکہ شعوری بیداری، مثبت فیصلوں، اور زندگی کے انتشار سے نکل کر ایک مربوط سمت میں آگے بڑھنے کا موقع ہے۔ یاد رکھیں، یہ وقت صرف “چاہنے” کا نہیں بلکہ “کچھ کر گزرنے” کا ہے۔ اگر آپ نے اس توانائی کو پہچان لیا، تو بہت کچھ وہ بھی ممکن ہو سکتا ہے جو ابھی تک صرف ایک خواہش تھا۔
طلبہ کے لیے یہ وقت کسی نعمت سے کم نہیں۔ عطارد جب ساتویں زاویے میں آتا ہے تو نہ صرف گفت و شنید بہتر ہوتی ہے بلکہ ذہنی یکسوئی، حاضر دماغی، اور سیکھنے کی صلاحیت بھی نکھر جاتی ہے۔ ایکویریئن طلبہ جو امتحانات، انٹری ٹیسٹ، یا کسی اہم علمی مرحلے سے گزر رہے ہیں، اُن کے لیے یہ وقت خاص طور پر مددگار ہوگا۔ مطالعہ میں دلچسپی بڑھے گی، سبق جلد یاد ہوگا، اور ذہن ہر طرح کی بھٹکاؤ سے محفوظ رہے گا۔ اس کے ساتھ ہی، جذباتی استحکام بھی عطارد کے تحفوں میں شامل ہے، جو طلبہ کو بے جا دباؤ، مایوسی یا اضطراب سے باہر نکالے گا۔
ان ایکویریئنز کے لیے بھی یہ ایک خوش آئند وقت ہے جو کسی پرانے پیشے یا کام سے بور ہو چکے ہیں، یا جنہیں محسوس ہوتا ہے کہ اب وہ پہلے جیسے جذبے سے اپنی موجودہ جاب یا کاروبار سے منسلک نہیں۔ عطارد آپ کے لیے ایسے نئے راستے کھول سکتا ہے جو مالی خودمختاری، نفع اور تخلیقی اطمینان سے بھرپور ہوں گے۔ آپ کو ایسے مواقع نظر آئیں گے جن پر آپ پہلے توجہ نہیں دے رہے تھے، یا جنہیں آپ قابلِ عمل نہیں سمجھتے تھے۔ لیکن اب آپ کی بصیرت اور فیصلہ سازی کی قوت اتنی مضبوط ہوگی کہ آپ ان مواقع کو کامیابی میں بدل سکیں گے۔
عطارد کا ایک اور اہم فائدہ یہ ہے کہ یہ چھپی ہوئی سازشوں، غلط فہمیوں اور نقصان دہ عناصر کو بے نقاب کرتا ہے۔ اگر آپ کے گرد کوئی شخص یا گروہ ایسا موجود ہے جو آپ کی کامیابی سے ناخوش ہے، یا جو پیچھے سے آپ کے خلاف سرگرم ہے، تو عطارد کی موجودگی ایسی صورتِ حال کو عیاں کر دے گی۔ یہ آپ کو نہ صرف ان معاملات کو سمجھنے کی صلاحیت دے گا بلکہ آپ کو ذہانت، حکمت، اور متوازن رویے کے ساتھ ان سے نمٹنے کی طاقت بھی عطا کرے گا۔
دوسرا اہم فلکیاتی واقعہ 28 جون کو پیش آئے گا، جب چاند اپنی سالانہ گردش مکمل کر کے سرطان کے زاویے میں داخل ہو گا، جو نجومی طور پر نیا قمری سال قرار پائے گا۔ یہ نیا چاند آپ کے چھٹے زاویے میں ہو گا اور یہ زاویہ صحت، نظم، وقت کے استعمال، مسائل کے حل اور خدمات سے تعلق رکھتا ہے۔ایسے تمام ایکویریئنز جو کسی بیماری، ذہنی دباؤ، خوف، یا تنہائی میں مبتلا تھے وہ 28 جون کے بعد نظامِ شمسی اور قمری طاقت کی بدولت صحت یاب ہونے لگیں گے جسمانی طور پر بھی، معاملات میں بھی اور حتیٰ کہ تعلقات میں بھی۔25 مئی کو زحل آپ کے زائچے سے نکل چکا ہے، جس کا مطلب ہے کہ سوا ستی یا دباؤ والا وقت ختم ہو چکا ہے۔ مریخ، عطارد، زہرہ، اور سورج سبھی اس وقت آپ کے لیے موافق زاویوں میں موجود ہیں۔سورج چھٹے زاویے میں ہے جو کہ قرض، نئی شراکت، نئی صحت کی طاقت، اور ریسک لینے کی ہمت میں مدد دے گا۔ یعنی تمام سیارے، مکمل طور پر، آپ کی حمایت میں کھڑے ہیں۔میری پروفیشنل ڈیکلیریشن ہے یہ سطحی بات نہیں بلکہ عمیق تجزیے کے بعد کیا گیا اعلان ہے کہ اس وقت پورے نظام شمسی میں ایکویریئنز کی پوزیشن سب سے مضبوط ہے۔ ایریس سے لے کر پائسز تک، ایکویریئنز اس وقت ٹاپ پر ہیں مغربی نجومیات کے مطابق۔اگر آپ ویدک نجومیات کے مطابق چاند کی پوزیشن سے اپنا ستارہ نکالتے ہیں تو حساب مختلف ہو سکتا ہے، کیونکہ ویدک نجومیات مکمل طور پر قمری بنیادوں پر ہے۔ لیکن اگر آپ سورج کی بنیاد پر ایکویریئن ہیں تو آپ کے لیے یہ وقت بہترین ہے۔لہٰذا، آپ کو ہمت کرنی چاہیے، خود کو تبدیل کرنا چاہیے، اپنے مسائل، تعلقات، صحت اور مالی مشکلات پر نظر ثانی کرنی چاہیے، کیونکہ 25 مئی کے بعد سے بحالی کے دن روز بروز بہتر ہو رہے ہیں۔آنے والے ہفتے میں وینس جو اس وقت آپ کے چوتھے زاویے پر ہے، وہ بھی بہتر پوزیشن پر آ جائے گا، اور اس کے فوائد میں اگلے ہفتے وضاحت سے بیان کروں گا۔
