ملتان (وقائع نگار) وزیراعظم آفس میں تعینات سینئر بیوروکریٹ کی سفارش پر تعینات ہونے والے او پی ایس کلکٹر ایئرپورٹ نے پنجاب کے ایئرپورٹس پر ہونے والی کرپشن کی طرف سے آنکھیں بند کر لی ہیں تفصیل کے مطابق حال ہی میں تعینات ہونے والے کلکٹر ایئرپورٹس طاہر حبیب چیمہ جن کو او پی ایس پر وزیراعظم آفس میں تعینات سینئر بیوروکریٹ شکیل شاہ کی سفارش پر کلکٹر ایئرپورٹ تعینات کیا گیا ہے انہوں نے تعیناتی کے فورا ًبعد چیف کلکٹر ایئرپورٹس حسن ثاقب سے ملاقات کی کہ پنجاب کے ایئرپورٹس پر کیا پالیسی رکھنی چاہیے تو انہوں نے کہا کہ بس شکایت باہر نہیں آنی چاہیے جس کے بعد انہوں نے لاہور آکر ایڈیشنل کلکٹر حنا گل سے میٹنگ کی ۔ایڈیشنل کلکٹر لاہور ایئرپورٹ حنا گل نے اپنے خاص افسران سپرنٹنڈنٹ افتخار چیمہ، سپرنٹنڈنٹ مرزا عمران، سپرنٹنڈنٹ مرزا اقبال، سپرنٹنڈنٹ سجاد جتوئی، انسپکٹر عبداللہ اور انسپکٹر ارسلان میرانی کو کہا سمگلروں کی سہولت کاری کی اجازت ہے ۔اجازت ملتے ہی کرپٹ افسران نے سمگلر اعظم ،فیضان ،منیب، شہزاد ،فاروق اورڈی جی خان کے دلبر کے ذریعے دبئی اور قطر کے راستے سے گولڈ، کپڑا ،میڈیسن ،ادویات ،موبائل اور دیگر امپورٹڈ سامان کی سمگلنگ شروع کر دی ہے۔ چند روز قبل بھی انٹیلی جنس بیورو کی ٹیم نے لاہور ایئرپورٹ کی مخبری پر چیکنگ کی لیکن کسی بھی کسٹم آفیسر کے خلاف کارروائی نہ ہو سکی کیونکہ سینئر بیوروکریٹ شکیل شاہ کی وجہ سے طاہر حبیب چیمہ بغیر کسی ڈر اور خوف کے بغیر کروڑوں روپے کمانے کے چکر میں مبینہ طورپر حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے روزانہ کسٹم ڈیوٹی کی مد میں نقصان پہنچا رہے ہیں جب کلکٹر کسٹم لاہور ایئرپورٹ طاہر حبیب چیمہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے چند روز قبل ہی چارج لیا ہے ابھی چیزوں کو دیکھ رہا ہوں جس آفیسر کی کرپشن کی شکایت ملے گی اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
