آج کی تاریخ

ہم دودھ کے دھلے نہیں، ہمارے دور میں بھی غلطیاں ہوئیں: علی محمد خان

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اس وقت حملوں کی زد میں ہے۔ ایک ماہ قبل پاکستان پر دشمن نے وار کیا لیکن دشمن کا غرور خاک میں ملا اور مودی کی تکبر بھری سوچ کو پاش پاش کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ فلسطین میں جاری مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اگر بانی چیئرمین اس وقت آزاد ہوتے تو دنیا بھر کے مسلمانوں کی ترجمانی کرتے۔ لیکن افسوس کہ جو آوازیں حق کی بات کرتی ہیں انہیں چُن چُن کر دبایا جا رہا ہے، بھٹو کو پھانسی دی گئی اور بانی چیئرمین کی آواز کو بھی خاموش کر دیا گیا۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے سب سے بڑے ناقد کو جیل میں ڈال دینا باعث شرم ہے۔ ہم نے حالیہ عید بھی غم کی کیفیت میں گزاری، اس دکھ کا اندازہ صرف ہم ہی لگا سکتے ہیں۔ ہم محسن پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہداء کے وقار اور ناموس کی حفاظت ہمارا عزم ہے۔
انہوں نے مزید اعتراف کیا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں بھی غلطیاں ہوئیں، ہم بھی دودھ کے دھلے نہیں ہیں۔ لیکن آج پوری امت مسلمہ، غزہ، طرابلس اور تہران سمیت، بانی چیئرمین کی رہائی کی منتظر ہے۔ ان کی فوری رہائی ناگزیر ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں