
سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے امریکا اور اسرائیل کو اسلاموفوبیا کے فروغ کا اصل ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اسرائیل کے ایران پر حالیہ حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایران کے جوہری پروگرام کو بہانہ بنا کر جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے، حالانکہ خود اسرائیل نے ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے معاہدے پر کبھی دستخط نہیں کیے اور نہ ہی وہ آئی اے ای اے کو اپنی جوہری تنصیبات کا مکمل معائنہ کرنے دیتا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ اسرائیل خطے میں مسلسل جارحیت میں مصروف ہے اور امریکا کے ساتھ مل کر عراق، لیبیا اور ایران پر جنگیں مسلط کرکے انہیں ایٹمی طاقت بننے سے روکا جا رہا ہے۔ ان اقدامات اور دوہرے معیار کی وجہ سے عالمی امن خطرے میں پڑ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی امن صرف بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرکے ہی ممکن ہے اور موجودہ صورتحال کا اصل سبب یہی طاقتیں ہیں جو اسلاموفوبیا کو بڑھاوا دے رہی ہیں۔