وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ میں عام شہری پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ نہیں ڈالا گیا، جبکہ تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس میں کمی کے ذریعے نوکری پیشہ افراد کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے اسٹاک مارکیٹ کے ایک لاکھ 24 ہزار پوائنٹس کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں مثبت رجحان حکومت کے عوام دوست بجٹ پر سرمایہ کاروں اور تاجروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں معیشت کی بہتری کا سفر شروع ہو چکا ہے، اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کے نتیجے میں آج یہ پیش رفت ممکن ہوئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب ہمیں مل کر عام آدمی کی زندگی میں بہتری کے لیے مزید محنت کرنا ہوگی۔ مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، ترسیلات زر اور برآمدات کی بہتری معاشی ٹیم کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر معاشی استحکام اور ترقی کی راہ پر ڈالنا ایک معجزہ ہے۔ معاشی ٹیم کی انتھک محنت اور قومی مفادات کو ترجیح دینے کے باعث یہ نمایاں معاشی تبدیلی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھی جائے گی۔
