ملتان(نیوز رپورٹر)وفاقی بجٹ 2025۔2026 پر تاجر و سماجی رہنمائوںنےملا جلا رد عمل دیاہے۔ روزنامہ قوم فورم میں گفتگو کرتے ہوئے کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن سائوتھ پنجاب کے صدر محمد اختر بٹ نے کہا کہ دفاعی بجٹ میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے،فارما سیکٹر پر ٹیکسز کی شرح میں کمی سے ادویات کی قیمتیں کم ہونگی ، ٹیکسز میں کمی اور تنخواہوں میں اضافہ اور پنشنرزکی پنشن میں اضافہ حکومت کی جانب سے بہترین اقدامات ہیں۔ ان حالات میں حکومت اس سے بہتر انداز میں بجٹ نہیں دے سکتی جبکہ میڈیسن پر لاگو ہونے والے ٹیکسز پر مذمت کرتے ہیں ۔سماجی رہنما و معروف قانون دان ملک محمد مظفر اٹھنگل نےکہا ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنے کے بجائے پرانے فائلرز پر ہی ٹیکس کے بوجھ میں اضافہ کیا جا رہا ہے،بجلی کی بنیادی قیمت کو کم اور 13 قسم کے ٹیکسز کے خاتمے کے بغیر معیشت کی ترقی ممکن نہیں ۔ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے جامع پالیسی اور فکس ٹیکس سکیم کے ساتھ متبادل خام مال پر ٹیکسز کی شرح کو کم کیا جانا چاہئے۔چیئر مین پنجاب آل پاکستان کار ڈیلرز ایسوسی ایشن چوہدری طارق کریم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 7سال پرانی گاڑی امپورٹ کی اجازت دی جائے اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کی جائے ۔پاکستان اسمبلڈ گاڑیوں پر 12 فیصد ٹیکس تھااسے 18 فیصد کر دیا گیا ہےاور اس بجٹ میں 6 فیصد مزید بڑھا دیا گیا ہے۔اس طرح کے فیصلوں سے کار مینوفیکچررز یا کار ڈیلرز مزید پریشانی کا شکار ہو جائیں گے ۔ہو سکتا ہے صوبائی بجٹ میں ٹوکن ٹیکس اورٹرانسفر ٹیکس کی مد میں بھی اضافہ کر دیں ۔660 سی سی گاڑی پر 16 لاکھ روپے ٹیکس ہے اس طرح تو چھوٹی گاڑیاں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو جائیں گی۔غضنفرملک چیف کوآرڈینیٹر مرکزی انجمن تاجران کنٹونمنٹس پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر لیوی 78 روپے سے بڑھا کر 100 روپے لیٹر کر کے معیشت اور عوام پر پٹرول بم گرا دیا گیا ۔ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرکے’’ گرگے‘‘تاجروں کو براہ راست ریلیف دیا گیا ہے ۔سفید پوش چھوٹے تاجروں کو اس اقدام سے کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔مرکزی صدر کینٹ ملک زاہد اعوان نے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس ایف بی آر کی بنیاد پر نہیں بلکہ لوکل مارکیٹ کی کاروباری ویلیو کے مطابق ہونا چاہیے۔ صرف الفاظ کا ہیر پھیر کرکے حکومت کی جانب سے کون سا ریلیف دیا گیا ہے۔معظم وحید خواجہ سیکرٹری جنرل مرکزی انجمن تاجران کینٹ نے کہا کہ کسٹم ڈیوٹی میں کمی کا فائدہ امپورٹرز کو ضرور ہوگا تاہم ملکی مینوفیکچررز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ پاکستانی تیارکنندگان عالمی منڈی تک باآسانی رسائی حاصل کرسکیں۔کلب عابد خان جنرل سیکرٹری ہیلپرزبزنس فورم نے کہا سفید پوش اور چھوٹے تاجروں کو ریلیف دینے کیلئے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی اور بلاجواز ٹیکس ختم کرنا ضروری ہے۔سماجی رہنما و صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے کہا ہے کہ ایف بی آر کو ڈیجیٹل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے مگر اس سلسلے میں بھی ایمانداری اور شفافیت ضروری ہے یہ نہ ہو کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کرپٹ لوگوں کیلئے کمپیوٹر گیم بن جائے اور وہ اس کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہوئے قومی خزانے کو نقصان پہنچائیں۔ ایف بی آر کے ساتھ ساتھ اور بھی بہت سے محکمہ جات اور ڈیپارٹمنٹ ہیں جو پاکستان میں کرپشن کے گڑھ بن چکے ہیں ان سب میں بھی شفافیت کے لیے ان کی ڈیجیٹلائزیشن ضروری ہے۔
