آج کی تاریخ

پنجاب حکومت کی شہریوں کو ہدایت: قربانی کی کھالیں صرف رجسٹرڈ اداروں کو دیں، کالعدم تنظیموں سے اجتناب کریں

عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب نے ایک اہم پیش قدمی کرتے ہوئے ممنوعہ تنظیموں اور ان کے ذیلی اداروں کی مکمل فہرست جاری کی ہے۔ عوام کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ قربانی کی کھالیں ایسی تنظیموں کو نہ دیں جو قانون کے مطابق کالعدم قرار دی گئی ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ قربانی کی کھالیں صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ اداروں کو دی جائیں، کیونکہ ممنوعہ تنظیموں کو کسی بھی قسم کی مالی یا مادی امداد فراہم کرنا انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت جرم ہے۔
محکمہ داخلہ نے زور دیا ہے کہ ایسی تنظیموں کو امداد دینا نہ صرف قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے بلکہ شہریوں کو قانونی مشکلات میں بھی ڈال سکتا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تصدیق شدہ اداروں کو ہی کھالیں عطیہ کریں اور متعلقہ سرٹیفکیٹ پر موجود کیو آر کوڈ سے ادارے کی حیثیت کی جانچ ضرور کریں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مدارس اور خیراتی ادارے کھالیں جمع کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرتے ہیں۔ لہٰذا، شہری صرف ان اداروں کو کھالیں دیں جو رجسٹرڈ ہوں اور اجازت نامہ رکھتے ہوں۔
محکمہ داخلہ نے شہریوں، والدین، مساجد، مدارس اور فلاحی تنظیموں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس حساس موقع پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنے عطیات کا درست استعمال یقینی بنائیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق ممنوعہ تنظیموں میں لشکر جھنگوی، سپاہ محمد، جیش محمد، لشکر طیبہ، القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان، جماعت الدعوۃ، داعش، حزب التحریر، بلوچستان لبریشن آرمی، جئے سندھ قومی محاذ، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن، الاختر ٹرسٹ، الراشد ٹرسٹ، پشتون تحفظ موومنٹ سمیت 70 سے زائد تنظیمیں شامل ہیں۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔ رجسٹرڈ اداروں کی فہرست محکمہ داخلہ پنجاب، پنجاب چیریٹی کمیشن اور نیکٹا کی ویب سائٹس پر دستیاب ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں