وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کی حمایت یافتہ گروہ فتنۃ الہندوستان کو مقامی سطح پر سپورٹ دینا ملک کے خلاف سازش ہے اور بلوچستان میں امن و ترقی کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے والے دہشت گردوں کو سختی سے ختم کیا جائے گا۔
کوئٹہ میں بلوچستان کے معززین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں بلوچستان میں پراکسی وار شدت اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان کے سہولت کار بھی قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔ بلوچستان کی ترقی کے لئے اربوں روپے کے منصوبے جاری ہیں جن کے فوائد عوام تک پہنچائیں جائیں گے۔ شہیدوں کے خاندانوں کے ساتھ حکومت اور قوم کھڑی ہے۔
اسی موقع پر آرمی چیف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی مداخلت اب کھل کر سامنے آ چکی ہے اور بلوچستان میں دہشتگرد نیٹ ورکس کی ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملکی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ہر دشمن کو شکست دے گی۔ بلوچستان کا امن پاکستان کے مستقبل کے لئے انتہائی اہم ہے۔ بلوچستان کے قبائلی عمائدین نے حکومت اور پاک فوج کے ساتھ مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے کوئٹہ کے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں افسران سے خطاب میں پیشہ ورانہ مہارت، اسٹریٹجک تیاری اور قومی سلامتی پر زور دیا اور کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ پراکسیز بلوچستان کی ترقی کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔
