برطانیہ کے معروف غذائی ماہر کیون ڈیوڈ نے چاول، آلو، نوڈلز اور پاستا کو صحت مند انداز میں کھانے کا بہترین مشورہ دے دیا۔ ان کے مطابق، یہ غذائیں اگر گرم گرم کھائی جائیں تو ان میں موجود نشاستہ (اسٹارچ) فوراً معدے میں پہنچ کر شوگر میں تبدیل ہوجاتا ہے، اور اگر جسم اس اضافی شوگر کو استعمال نہ کرے تو یہ چربی کی صورت میں جمع ہوکر وزن بڑھاتی ہے اور ذیابیطس جیسے امراض کا خطرہ بھی پیدا کرتی ہے۔
تاہم، کیون ڈیوڈ کے مطابق، ان غذاؤں کو مکمل طور پر ٹھنڈا کرکے کھانے سے ان کا بیشتر نشاستہ مزاحمتی نشاستہ (resistant starch) میں تبدیل ہوجاتا ہے، جو فائبر کی طرح کام کرتا ہے۔ یہ مزاحمتی نشاستہ معدے میں آہستہ آہستہ جذب ہوتا ہے جس کی وجہ سے خون میں شوگر کی مقدار اچانک نہیں بڑھتی بلکہ متوازن انداز میں توانائی فراہم ہوتی ہے۔
یہ طریقہ نہ صرف بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھتا ہے بلکہ وزن بڑھنے سے بھی بچاتا ہے۔ علاوہ ازیں، مزاحمتی نشاستہ معدے کی صحت بہتر کرتا ہے، معدے میں اچھے بیکٹیریا (gut bacteria) کی نشوونما کو فروغ دیتا ہے اور ہاضمے کے عمل کو سہل بناتا ہے۔ اس کے علاوہ، مزاحمتی نشاستہ آنتوں میں موجود بیکٹیریا کو خوراک فراہم کرتا ہے، جس سے جسم میں وٹامنز اور دیگر غذائی اجزا کی پیداوار بہتر ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق، چاول، آلو، نوڈلز اور پاستا کو ابالنے کے بعد مکمل طور پر ٹھنڈا کرکے کھانا زیادہ صحت بخش ثابت ہوسکتا ہے۔ خاص طور پر ایسے افراد کے لیے جو وزن کم کرنا چاہتے ہیں، شوگر کے مریض ہیں یا معدے کے مسائل سے دوچار ہیں، یہ طریقہ نہایت مؤثر ہے۔
ماہرین کی ہدایت
چاول، آلو، پاستا اور نوڈلز کو مکمل ٹھنڈا کر کے کھائیں۔
انہیں معتدل مقدار میں کھائیں تاکہ شوگر کی سطح قابو میں رہے۔
ٹھنڈا کھانے سے معدے میں ہضم کا عمل بہتر ہوتا ہے اور توانائی بھی بتدریج فراہم ہوتی ہے۔
یہ طریقہ اختیار کرکے آپ نہ صرف وزن بڑھنے اور شوگر کی بیماری سے بچ سکتے ہیں بلکہ صحت مند طرز زندگی کے ساتھ ساتھ اللہ تعالی کی دی ہوئی ان نعمتوں سے بھرپور لطف اندوز بھی ہوسکتے ہیں۔
