آج کی تاریخ

وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ایران روانہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف ترکیہ کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد ایران کے دارالحکومت تہران روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم کا یہ دورہ ترکیہ کی قیادت اور عوام، خاص طور پر صدر رجب طیب اردوان کی پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کرنے کے لیے تھا۔ استنبول ایئرپورٹ پر وزیراعظم کو شاندار الوداعی تقریب دی گئی جس میں ترک وزیر دفاع یشار گیولر، استنبول کے ڈپٹی گورنر الکر حاقتان کچمز، پاکستان ترکی کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر برہان قایاترک، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید اور پاکستانی کونسل جنرل نعمان اسلم سمیت اعلیٰ حکام اور پاکستانی سفارتکار موجود تھے۔ وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کے قریبی اور دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنے گا۔ وزیراعظم نے ترکیہ میں اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دورہ مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم تہران پہنچیں گے جہاں وہ ایرانی قیادت کے ساتھ خطے کی صورتحال، باہمی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر گفتگو کریں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے جنہوں نے ایک روزہ دورے پر ایران روانہ ہونے کے بعد وفد میں شمولیت اختیار کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں