ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے 2500 سے زائد طلبا سے خطاب میں کہا کہ پاکستان امن کو ترجیح دیتا ہے، لیکن اگر دشمن نے دوبارہ کوئی حرکت کی تو جواب اس سے بھی شدید ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے حکم پر پاکستان نے دشمن کو 26 مقامات پر جواب دیا، جس میں دشمن کے اہم مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے کبھی بھی شہری انفراسٹرکچر یا عبادت گاہوں کو نشانہ نہیں بنایا کیونکہ ہم امن پسند ہیں اور ہمیشہ امن کو ترجیح دیتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ مودی کی حکمت عملی کو پاکستان نے ناکام بنایا، دنیا کو دکھا دیا کہ فوج اور قوم میں کوئی فاصلے نہیں، ہم ہمیشہ ایک ساتھ تھے اور رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے پختون عوام نے دشمن کو دوٹوک پیغام دیا کہ اگر پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کے مظالم کی کوئی حد نہیں، بلوچستان اور دیگر علاقوں میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا چہرہ ہے۔ افغان بھائیوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو پناہ نہ دیں، دشمن کے آلہ کار نہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنایا جائے۔
