فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دینے پر پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کو فولادی دیوار قرار دے دیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) نے “معرکہ حق” اور آپریشن “بنیان مرصوص” کے دوران پاکستانی فوج کی شجاعت، عوام کی ثابت قدمی اور قیادت کی پختگی کو سراہنے کے لیے ایک شاندار عشائیہ دیا۔
اس پر وقار تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراء، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان، سیاسی قیادت، اعلیٰ حکام اور مسلح افواج کے سینیئر افسران نے شرکت کی۔
تقریب میں شرکاء نے افواج پاکستان کی قربانیوں، قومی قیادت کی مدبرانہ حکمت عملی اور عوام کے جذبہ حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے خطاب کرتے ہوئے “معرکہ حق” کے دوران قومی قیادت کی بصیرت کو سراہا اور “بنیان مرصوص” آپریشن میں افواج کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کی تعریف کی، جس نے اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی جھوٹے پروپیگنڈے کا موثر جواب دینے میں پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کے کردار کو فولادی دیوار قرار دیا اور ان کی غیر معمولی خدمات کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل نے پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز، اور سفارتکاروں کی مہارت اور پیشہ ورانہ عزم کی بھی تعریف کی۔ یہ تقریب قومی یکجہتی اور عزم کی بھرپور علامت بنی، جس میں قوم نے نئے حوصلے اور اتحاد کے ساتھ مستقبل کی جانب بڑھنے کا عہد کیا۔
