لاہور: ملک بھر کے بڑے ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کے لیے وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات دی جا سکیں۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور چیئرمین پی آئی ٹی بی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ریلوے میں وائی فائی اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات سے متعلق اہم گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ریلوے ملازمین کی حاضری اب بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے لگائی جائے گی، اور ریلوے کے تمام شعبوں کو ڈیجیٹل سسٹمز میں منتقل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی، کھانے کے معیار، ویٹنگ ایریا اور بزنس لاؤنج کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ویٹنگ ایریا کو 60 دن میں مکمل اپ گریڈ کیا جائے اور وہاں جلد از جلد اے سی کی تنصیب مکمل کی جائے۔
وزیر ریلوے نے پلیٹ فارم پر ایسکیلیٹر منصوبے کی رفتار کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ ریلوے کی رابطہ ایپ کو مزید آسان اور صارف دوست بنایا جائے گا تاکہ مسافروں کو بہتر سہولت مل سکے۔
