آج کی تاریخ

انڈونیشیا کا رافیل معاہدہ پاکستان بھارت جھڑپ کے بعد سنگین خطرے میں

جکارتہ: انڈونیشیا کی فرانس سے 42 رافیل جنگی طیارے خریدنے کا 8.1 ارب ڈالر کا معاہدہ اس وقت سیاسی اور عوامی حلقوں میں زیر بحث ہے کیونکہ پاکستان نے حالیہ فضائی جھڑپ میں بھارت کے تین رافیل طیارے مار گرائے ہیں۔
پاکستان آرمی نے 7 مئی کو اعلان کیا تھا کہ اس نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے تباہ کیے ہیں جن میں تین رافیل بھی شامل ہیں۔ یہ لڑائی چینی ساختہ J-10C طیاروں سے ہوئی جو جدید PL-15 میزائلوں سے لیس تھے۔
بھارت نے سرکاری طور پر کسی رافیل طیارے کے نقصان کی تصدیق نہیں کی، تاہم بھارتی ایئر مارشل اے کے بھارتی نے کہا کہ ’’نقصانات جنگ کا معمولی حصہ ہیں۔‘‘
سی این این نے فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار کے حوالے سے کم از کم ایک رافیل کے نقصان کی تصدیق کی ہے، جسے رافیل طیارے کا ممکنہ پہلا جنگی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ خبر انڈونیشیا میں رافیل طیاروں کی خریداری پر سوالات کا باعث بنی ہے، تاہم انڈونیشی حکام نے معاہدے کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کے رکن ڈیوی لکسونو کا کہنا ہے کہ ’’کسی ہتھیار کی کارکردگی کا فیصلہ صرف ایک واقعے کی بنیاد پر نہیں کیا جا سکتا۔‘‘
ماہرین کے مطابق رافیل طیارے دنیا کے جدید ترین جنگی جہازوں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی کارکردگی آپریٹرز کی تربیت پر بھی منحصر ہے۔
انڈونیشیا کو پہلے چھ رافیل طیارے 2026 میں ملیں گے اور پائلٹس کی تربیت فرانس میں جولائی سے شروع ہوگی۔ اس کے علاوہ، انڈونیشیا نے بوئنگ سے 24 F-15EX طیارے خریدنے کا بھی معاہدہ کیا ہے تاکہ اپنی فضائی طاقت کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں