اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ ہارون اختر نے عندیہ دیا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام اور صنعت کاروں کے لیے خوشخبریاں لے کر آئے گا، جس میں پیٹرول، بجلی کی قیمتوں اور شرح سود میں مزید کمی کا امکان ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون اختر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی حکمت عملی دراصل قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے وژن کا تسلسل ہے، جس کا مقصد ملکی معیشت کی رفتار کو 7 فیصد تک بڑھانا اور آئندہ دس سالوں تک اسے مستحکم رکھنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم برآمدات میں اضافہ کو معیشت کی بقاء قرار دیتے ہیں اور معاشی ترقی کے تمام پہلوؤں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
ہارون اختر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت معاشی چیلنجز کے حل کے لیے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دے رہی ہے اور وزیراعظم خود ان کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں، تاکہ ہر مسئلے کا مؤثر حل نکالا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف سرمایہ کاروں کو اعتماد دینا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کو جنوبی ایشیا میں سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک بنایا جا سکے۔ اُن کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کی سرگرمیاں لازمی ہیں۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ حکومت نے صنعتوں کو سہولت دینے کے لیے بجٹ کا انتظار کیے بغیر اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ بجلی کے نرخوں میں کمی اور شرح سود میں کمی جیسے فیصلے اس کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بھی عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے مشکل حالات کے باوجود معاشی امور کو ترجیح دی ہے، اور آئندہ بجٹ وزیراعظم کے معاشی وژن کا عملی نمونہ ثابت ہوگا۔
