آج کی تاریخ

معرکہ حق میں افواجِ پاکستان نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کی عددی برتری کے غرور کو خاک میں ملا کر تاریخ رقم کی۔
انہوں نے اس تاریخی معرکے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو زبردست خراجِ عقیدت اور ان کے اہل خانہ کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ ملک کی سلامتی کی خاطر جان نچھاور کرنے والے پاک فضائیہ کے 5 اور پاک فوج کے 6 افسران و جوانوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور پاکستان کی خودمختاری پر آنچ نہ آنے دی۔ افواج پاکستان نے اپنے وعدے کے مطابق مادرِ وطن کا دفاع کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم، بشمول میری ذات، اپنے شہداء اور ان کے خاندانوں پر نازاں ہے۔ ان عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ آپریشن “بنیان المرصوص” نے بھارت کو یہ پیغام دیا کہ ہمیں امن عزیز ہے، لیکن جارحیت کی صورت میں ہم بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے بھارتی حملوں کے نتیجے میں 15 بچوں اور 7 خواتین سمیت 40 معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
وزیرِاعظم نے یقین دہانی کرائی کہ شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، ان کے لیے اعلان کردہ پیکیج کے تحت مکمل کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی، جب کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور افواجِ پاکستان متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر قومی وقار کا دفاع کیا۔ آپریشن “بنیان المرصوص” اس کی واضح مثال ہے۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت نے قوم کو مزید متحد کر دیا ہے اور ہم ہر محاذ پر ملک کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں