آج کی تاریخ

بھارت نے جارحیت کی تو بھرپور جواب دیں گے، ایک بوند پانی بھی نہیں چھوڑیں گے: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کے خلاف مکمل طور پر تیار ہے، اور اگر ہم پر حملہ کیا گیا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ علاقائی مکالمہ 2025 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا، ایسا کوئی بھی اقدام جنگ کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں، بھارت کی جانب سے بغیر شواہد الزامات لگانا بے بنیاد ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ماضی میں دشمن کی ہر چال کو فوری ناکام بنایا، بھارتی فضائیہ کی ایک اور کوشش کو بھی پسپا کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے حصے کا ایک قطرہ پانی بھی نہیں چھوڑے گا، اور قومی مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، مسئلہ کشمیر اور فلسطین جیسے مسائل خطے میں امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
سینیٹر ڈار نے دعویٰ کیا کہ بھارت کی جانب سے پہلگام حملے جیسے فالس فلیگ آپریشنز کا مقصد اندرونی عوامی تحریکوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے، اور یہ عمل عالمی امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا داعی ہے، مگر اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں