آج کی تاریخ

ایمرسن: رجسٹرار محمد فاروق کو بچانے کے لیے گورنر ہاؤس کے ڈپٹی سیکرٹری بھی سرگرم

ملتان (وقائع نگار) ایمرسن یونیورسٹی کے رجسٹرار محمد فاروق کو بچانے کے لیے گورنر ہاؤس میں تعینات ڈپٹی سیکرٹری بھی سرگرم ہو گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ ایمرسن یونیورسٹی کے رجسٹرار محمد فاروق کی این او سی کے بغیر اور زائد عمر ہونے کے باوجود وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے غیر قانونی تقرری کی ہے جس پر ایک امیدوار راؤ شبیر نے لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں رٹ دائر کر دی کہ محمد فاروق ماسٹر تھرڈ ڈویژن ہے اس نے ایمرسن یونیورسٹی میں رجسٹرار کی سیٹ پر اپلائی کرنے کے لیے این او سی بھی نہیں لیا تھا مذکورہ اسامی کے لیے عمر کی حد زیادہ سے زیادہ 50 سال رکھی گئی تھی اس عمر میں گورنر پنجاب بھی رعایت نہیں دے سکتے جس وقت محمد فاروق کی تعیناتی کی گئی اس وقت ان کی عمر 52 سال تھی اور تھرڈ ڈویژن ہونے کے باوجود اس کی تقرری کی گئی مذکورہ درخواست پر عدالت عالیہ نے گورنر پنجاب کو یہ کیس بھیجتے ہوئے احکامات جاری کیے کہ دو ماہ کے اندر اس کیس کا فیصلہ کیا جائے مگر ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اس کیس کا گورنر نے فیصلہ نہیں کیا۔ 28 اپریل کو گورنر پنجاب سلیم حیدر نے رجسٹرار محمد فاروق اور مدعی راؤ شبیر کو شنوائی کے لیے طلب کیا تھا مگر ان کی شنوائی کیے بغیر اگلے ماہ کی تاریخ دے دی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گورنر ہاؤس میں ڈپٹی سیکرٹری شبیر گجر تعینات ہیں وہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان گجر کے کہنے پر اس کیس کا فیصلہ ہونے میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق اس کیس کا فیصلہ نہیں کیا جا رہا۔ دوسری جانب مدعی راؤ شبیر کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر مجھے انصاف فراہم نہ کیا گیا تو توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں