آج کی تاریخ

ملتان میں سود خوروں کا راج، قرض کے نام پر لوٹ مار، غریبوں کی زندگیاں گروی

ملتان( سٹی رپورٹر /انویسٹیگیشن سیل)ملتان میں سود خور مافیا بے لگام، شریف شہریوں کو جال میں پھنسا کر ان کی جمع پونجی کو سود کے عوض لوگوں کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سود خور مافیا غریب اور شریف شہریوں کو اپنے جال میں پھنسا کر 60 فیصد سے زیادہ ضرورت اشیا مہیا کرنے لگا۔تھانہ گلگشت کے علاقےکے رہائشی محمد مجید نے روزنامہ قوم کے آفس آکر اپنی داستان بیان کرتے ہوئے کہا کہ میرا سیوڑہ چوک پر ناشتے کا پوائنٹ ہے۔ میری ملاقات دو سال قبل سکندر شاہ سے ہوئی جس نے مجھے اپنے جال میں پھنسا کر مجھے گھریلو ضرورت اشیاجن کی مالیت سات لاکھ روپے بنتی ہے دی۔ اب تک میں نو لاکھ سے زائد کی رقم ادا کر چکا ہوں۔ میری موٹر سائیکل سی ڈی 70 کے کاغذات بھی نہیں دے رہا ۔سکندر شاہ سود خور اب مجھ سے مزید چار لاکھ سے زائد کا مطالبہ کر رہا ہے۔ محمد مجید نے روزنامہ قوم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں غریب آدمی ہوں ،میراکوئی اور کمانے والا کوئی نہیں ہے اور میرا کرائے کا گھر ہے۔ مزدوری کر کے میں اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہوں اور اب مجھے سکندر شاہ سود خور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتا ہے۔ کل صبح میرے ناشتے والی ریڑھی پر آکر مجھ سے اور لوگوں سے بدتمیزی بھی کی اور گالی گلوچ بھی دی اور وہاں پہ کھڑے لوگوں کو بھی دھمکیاں دی کہ میری بقایا رقم سود والی مجھے دو ۔میری وزیراعلیٰ پنجاب ،آئی جی پنجاب ،آر پی او اور سی پی او ملتان سے التماس ہے کہ میری سود خور سکندر شاہ سے جان چھڑائی جائے جو آئے روز مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا ہے۔ اس کےپاس ناجائزاسلحہ بھی ہے جو دکھا کر لوگوں کو ڈراتا دھمکاتا ہےاور اگر مجھے کچھ ہو گیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری سکندر شاہ سود خور پر عائد ہوگی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں