آج کی تاریخ

پنجاب بھر میں شدید گرمی، محکمہ موسمیات نے مزید بُری خبر سنا دی

پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید گرمی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید درجہ حرارت بڑھنے اور بارش نہ ہونے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
لاہور سمیت صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ہے اور درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث گھروں، دفاتر اور کاروباری مقامات پر اے سی کا استعمال غیر معمولی حد تک بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی کھپت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
موسمیات کے ماہرین کے مطابق لاہور کا کم از کم درجہ حرارت 22 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کی شرح کم ہو کر صرف 20 فیصد رہ گئی ہے، جو جسم میں پانی کی کمی اور دیگر جسمانی مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں، جس سے موسم مزید خشک ہو سکتا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں، خاص طور پر بزرگ افراد، بچے اور سانس کے مریض احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ عوام کو ماسک کے استعمال اور دھوپ سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں