آج کی تاریخ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ اجلاس، اہم فیصلوں کی منظوری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 24ویں اجلاس میں وسیع ایجنڈے پر غور کرتے ہوئے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں معذور افراد، بزرگ شہریوں اور طلبہ کے لیے مفت سفری سہولت کی منظوری دی گئی، جبکہ طلبہ کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ کارڈ کے اجرا پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے چکن کی قیمتوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی، جنسی جرائم کی تفتیش کے لیے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹس کے قیام کی منظوری دی اور ریپ کے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔
کابینہ اجلاس میں بھکر اور بہاولنگر میں ایئرپورٹ بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، جبکہ بھکر میں ایئر ایمبولینس کے لیے ایئر اسٹرپ کی تعمیر کے فنڈز منظور کر لیے گئے۔ پنجاب میں ایئر لائن سروس شروع کرنے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعلیٰ نے ٹریفک چالان اور جرمانے کی بروقت وصولی یقینی بنانے کی ہدایت دی اور عدم ادائیگی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیا۔
اجلاس میں نئے ایڈووکیٹ جنرل امجد پرویز کی تقرری کا خیرمقدم کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ حکومتی اداروں میں سفارش کلچر ختم کیا جائے اور قانون کے شعبے میں بھرتیوں میں مکمل میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے زیادتی کے واقعات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور پنک سالٹ کی برآمدات کے فوائد ملکی سطح پر حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ 25 لاکھ 64 ہزار گھرانوں کو نگہبان رمضان 2025 کے تحت مالی معاونت فراہم کی جا چکی ہے۔ جلد ہی مزید 15 لاکھ گھرانوں کو راشن کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں پنجاب کے 40 ہزار خصوصی طلبہ کے لیے عید گفٹ کا اعلان کیا گیا، جبکہ طلبہ کے لیے گریڈنگ سسٹم کے حوالے سے عالمی بینک کے ساتھ معاہدے کی منظوری دی گئی۔
پنجاب فرٹیلائزر کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانے بڑھانے، غیر قانونی اسلحہ کی روک تھام کے لیے آرمز آرڈیننس میں سخت سزاؤں اور جرمانوں کی منظوری دی گئی۔ پیدائش اور وفات کے سرٹیفکیٹ کی فیس ایک سال کے لیے معاف کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ نادار افراد کو قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے پنجاب لیگل ایڈ رولز میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے صوبے میں چاول کی دو فصلیں کاشت کرنے پر پابندی کی تجویز مسترد کر دی اور 664 نابینا افراد کو ڈیلی ویجز پر ایڈجسٹ کرنے کی منظوری دی۔
اس کے علاوہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں 3904 نئی آسامیوں کے قیام، شیخ زید میڈیکل کالج میں کارڈیک سینٹر کے لیے کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتیوں، پنجاب لائف انشورنس کمپنی میں کلیدی عہدوں پر تقرری کے لیے سلیکشن کمیٹی کی تشکیل اور محکمہ خزانہ کے اسپیشلائزڈ یونٹ میں نئی بھرتیوں کی منظوری دی گئی۔
چلڈرن لائبریری کمپلیکس لاہور کے لیے 32 نئی آسامیوں کے قیام کی منظوری کے ساتھ ساتھ فسادات سے نمٹنے کے لیے 2000 اہلکاروں پر مشتمل رائٹ مینجمنٹ پولیس اور کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں