فصل بیمہ (تکافل) پروگرام کیلئے رجسٹریشن شروع ،کن27 اضلاع کے کاشتکار فائدہ اٹھائیں گے ؟ مکمل تفصیلات

ملتان (روزمانہ قوم) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق حکومت پنجاب کے فصل بیمہ (تکافل) پروگرام کے تحت فصلات کے بیمہ کیلئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جس کے تحت ربیع 2022-23 اور خریف 2023 کیلئے صوبہ پنجاب کے درج ذیل 27 اضلاع شیخوپورہ، ساہیوال، لودھراں، رحیم یار خان، فیصل آباد، ملتان، مظفر گڑھ، نارووال، راجن پور، بھکر، ڈی جی خان، قصور، خانیوال، لیہ، منڈی بہاؤالدین، بہاولنگر، بہاولپور، اوکاڑہ، وہاڑی، خوشاب، جھنگ، چنیوٹ، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی اور حافظ آبادمیں گندم، کینولہ، سورج مکھی، کپاس اور دھان کے کاشتکاروں کو موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات اور ٹڈی دل کے نقصان کے ازالہ کیلئے بیمہ پروگرام کے تحت رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔5 ایکڑ تک اراضی کے مالک کاشتکاروں کیلئے بیمہ کے پریمیم پر 100 فیصد سبسڈی، 5 سے 25 ایکڑ تک کے اراضی کے کاشتکاروں کیلئے بیمہ کے پریمیم پر 50 فیصد سبسڈی، ربیع 2022-23 میں گندم، سورج مکھی اور کینولہ کی فصلات کا بیمہ کیا جائے گا، خریف 2023 میں کپاس اور دھان کی فصل کا بیمہ ہوگا۔ فصلات کا بیمہ کرانے والے کاشتکاروں کو پالیسی سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے۔ تحصیل کی سطح پر پیداوار میں کمی / نقصان کی صورت میں اعلان ربیع کیلئے جون 2023 اور خریف کیلئے دسمبر 2023 میں کیا جائے گا اور متعلقہ انشورنس کمپنی تمام بیمہ شدہ کاشتکاروں سے خود رابطہ کرے گی اور نقصان کے ازالہ کی پابند ہوگی۔ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے آن لائن سسٹم  نتعارف کرایا گیا ہے۔پنجاب فصل بیمہ کا اطلاق صرف تحصیل کی سطح پر حاصل ہونے والی پیداوار کے اعداد و شمار پر ہوگا جو کراپ رپورٹنگ سروس محکمہ زراعت جاری کرے گا۔کاشتکار زراعت کے مقامی دفاتر (کراپ رپورٹنگ سروس / زراعت توسیع) یاویب سائٹ پر رجسٹریشن کرائیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں