کیف: یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ شمال مشرقی یوکرین کے محاذ پر روسی افواج کے ساتھ لڑنے والوں میں پاکستان، چین، تاجکستان، ازبکستان اور افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے جنگجو بھی شامل ہیں۔
زیلنسکی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے ووفچانسک کے دفاعی محاذ پر موجود کمانڈرز سے جنگی صورتحال پر گفتگو کی، اور ان سے اطلاع ملی ہے کہ روسی صفوں میں غیر ملکی کرائے کے جنگجو شامل ہیں، جن کا تعلق چین، پاکستان، وسطی ایشیائی اور افریقی ریاستوں سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین اس کا مؤثر جواب دے گا۔
دوسری جانب پاکستان نے صدر زیلنسکی کے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، من گھڑت اور ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان ان دعووں کو مکمل طور پر رد کرتی ہے کیونکہ ان میں کوئی حقیقت نہیں پائی جاتی۔
ترجمان کے مطابق یوکرینی حکام کی جانب سے تاحال نہ کوئی باضابطہ رابطہ کیا گیا ہے اور نہ ہی الزامات کے حق میں کوئی مستند شواہد فراہم کیے گئے ہیں۔ پاکستان جلد یوکرینی حکومت سے رابطہ کر کے ان الزامات کی وضاحت طلب کرے گا۔
Today, I was with those defending our country in the Vovchansk direction – the warriors of the 17th Separate Motorized Infantry Battalion of the 57th Brigade named after Kish Otaman Kost Hordiienko.
— Volodymyr Zelenskyy / Володимир Зеленський (@ZelenskyyUa) August 4, 2025
We spoke with commanders about the frontline situation, the defense of… pic.twitter.com/40XsGHZU0T
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان یوکرین تنازع کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت پرامن اور سفارتی حل کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس موقف پر ہمیشہ قائم رہے گا۔
یاد رہے کہ 2023 میں بی بی سی کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے دو امریکی نجی کمپنیوں کے ذریعے 364 ملین ڈالر کا اسلحہ فروخت کیا، جو مبینہ طور پر یوکرین کو فراہم کیا گیا۔ تاہم اس وقت بھی پاکستان کی وزارت خارجہ، سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور پاکستان میں تعینات روسی سفیر نے ان الزامات کو واضح طور پر مسترد کیا تھا۔
صدر زیلنسکی ماضی میں چین پر بھی روس کے لیے جنگجو فراہم کرنے کا الزام لگا چکے ہیں، جسے چین نے رد کیا، جب کہ شمالی کوریا پر بھی روسی علاقے کرُسک میں فوجی بھیجنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔