یوٹیوبر رجب بٹ کیخلاف توہینِ مذہب کیس میں اہم پیشرفت

کراچی: متنازع یوٹیوبر رجب بٹ کی لندن سے واپسی کے بعد مذہبی بے حرمتی سے متعلق مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ سیشن عدالت وسطی نے شعائر اسلام کی مبینہ بے حرمتی کے کیس میں ملزم کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔
کراچی سٹی کورٹ میں کیس کی سماعت سیشن عدالت وسطی کے روبرو ہوئی، جہاں رجب بٹ اپنے وکیل میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ کے ہمراہ پیش ہوئے۔ عدالت میں ملزم کی جانب سے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی گئی، جس پر دلائل سنے گئے۔
ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ رجب بٹ کے خلاف الزامات ثابت کرنے کے لیے کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں اور مقدمہ درج کرنے میں سی آر پی سی 196 کی قانونی شقوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ وکیل کے مطابق صوبائی یا وفاقی حکومت کی جانب سے بھی کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی، جبکہ ملزم تفتیش میں شامل ہو کر مکمل تعاون کرنے کو تیار ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد رجب بٹ کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ اس مقدمے میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ رجب بٹ نے اپنے پرفیوم برانڈ کی لانچنگ کے دوران مذہبی جذبات کو مجروح کیا اور مبینہ طور پر توہینِ مذہب کے قوانین کا تمسخر اڑایا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں