لاہور کے تھانہ نواب ٹاؤن میں مشہور یوٹیوبر رجب بٹ، مان ڈوگر سمیت پانچ افراد کے خلاف ایک خاتون کو نشہ آور چیز پلا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے، نازیبا ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عائشہ شرافت کی شکایت پر درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق عائشہ کی سلمان حیدر نامی شخص سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی، جس کے بعد وہ متعدد بار اس کے ساتھ مختلف ریسٹورنٹس پر گئی۔
شکایت کنندہ کے مطابق سلمان نے اسے بحریہ آرچرڈ میں واقع ایک گھر بلایا اور نشہ آور چیز پلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں، اس نے خاتون کی نازیبا ویڈیو بھی بنائی اور اسے بلیک میل کرنے لگا۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ سلمان نے وہ ویڈیو خاتون کی بہن پلوشہ کو بھی دکھائی۔ جب دونوں بہنیں سلمان کو روکنے کے لیے اس کے گھر گئیں تو وہاں موجود رجب بٹ، مان ڈوگر، جواد حیدر نے انہیں کمرے میں بند کر دیا، جبکہ سلمان اور جہانگیر بٹ بھی وہاں موجود تھے۔
جواد حیدر نے دونوں بہنوں کے موبائل فون لے کر انہیں ری سیٹ کر دیا اور بعد ازاں انہیں دھمکا کر وہاں سے نکال دیا۔
