کراچی: پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر ملک بھر میں قومی جوش و ولولے اور احترامِ آزادی کے ساتھ تقریبات کا انعقاد ہوا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جس کے ساتھ قرآن خوانی، اجتماعی دعائیں اور مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔
کراچی میں ہونے والی مرکزی تقریب میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ پریڈ کمانڈر لیفٹیننٹ سمیع اللہ نے کیڈٹس کی شاندار پریڈ اور مارچ پاسٹ کی قیادت کی۔
یومِ آزادی کے موقع پر مساجد میں خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ علما نے اپنے خطابات میں آزادی کی نعمت پر شکرگزاری کرتے ہوئے اس کی حفاظت، قومی اتحاد اور یکجہتی کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ افواجِ پاکستان کے فلک شگاف “اللہ اکبر” کے نعروں کے ساتھ دی گئی توپوں کی سلامی ملکی خودمختاری اور قربانی کے عزم کی علامت بنی۔
