لاہور: پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان رینجرز کی جگہ پاک فوج کے مستعد اور چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
تقریب کا آغاز رینجرز اور پاک فوج کے دستوں کی جانب سے مزارِ اقبال پر سلامی پیش کرنے سے ہوا، جس کے بعد گارڈز کی تبدیلی کا عمل فوجی روایات اور اعلیٰ ترتیب کے ساتھ مکمل کیا گیا۔
اس موقع پر شہریوں، طلبہ، مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے قومی پرچم تھامے حب الوطنی کا مظاہرہ کیا اور پاک فوج کے دستے کی مہارت کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا خبیرآزاد اور پنجاب کے وزراء نے بھی مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں مانگیں۔
