اسلام آباد: پاکستان نے یمن میں حالیہ صورتحال پر گہری نظر رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریہ یمن میں امن، استحکام اور سیاسی ہم آہنگی کے قیام کے لیے مملکتِ سعودی عرب کی سفارتی کاوشوں کی مکمل حمایت کی جاتی ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات کے مثبت کردار کو بھی سراہا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان یمن کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ یمنی فریقین ایسے کسی بھی یکطرفہ اقدام سے اجتناب کریں گے جو موجودہ صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان تمام یمنی جماعتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ باہمی اتفاقِ رائے پر مبنی نکات کی بنیاد پر جامع، پرامن اور مذاکراتی سیاسی حل کی جانب سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ پیش رفت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات اور سیاسی مفاہمت ہی یمن کے دیرپا امن کا واحد راستہ ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششوں کے نتیجے میں یمنی عوام کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی اور ملک میں پائیدار امن و استحکام قائم ہو سکے گا۔







