ملتان (کرائم سیل) متعدد افراد کو شادی کا جھانسہ دینے، پانچ شادیاں کرنے کے بعد خاوندوں کے گھروں کا صفایا کرنے کے بعد ان پر تشدد کروا کر طلاقیں لینے اور ایک خاوند کو قتل کرنے کی ملزمہ یاسمین سیال دختر کریم بخش سکنہ کائیاں پور کے گینگ بارے مزید انکشاف ہوا ہے کہ متی تل روڈ کے رہائشی زوار حسین اور اس کی بیوی پروین کی سرپرستی میں یہ گینگ کام کر رہا ہے اور اس گینگ نے بستی بدھو اڈا تھانہ میراں پور کےعلاقے کے ایک شخص چوہدری ذیشان کے ساتھ بھی یہی سلوک کیا اور اسے مار پیٹ کر تشدد کرکے بھاری رقم اور موبائل چھین کر سادہ کاغذات پر انگوٹھے لگوا لیے جس کی درخواست تھانہ میراں پور میں کارروائی کے لیے التوا کا شکار ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یاسمین سیال کاغذات میں شورکوٹ کے رہائشی اختر مرالی کی اہلیہ ہے مگر کئی سال سے اسے چھوڑ کر مختلف لوگوں کو لوٹ رہی ہے اور اس نے بند بوسن کے علاقے کے عابد حسین سے بھی 7 لاکھ روپیہ لوٹا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یاسمین مختلف لوگوں کو اپنے شکنجے میں گھیرتی ہے اور بعد میں زوار حسین اور اس کی بیوی پروین درمیان میں آکر بیچ بچاؤ کروا دیتے ہیں اور لین دین کے معاملات فائنل کرتے ہیں یہ گینگ درجنوں افراد کو لوٹ چکا ہے۔







