اوچ شریف ( نمائندہ قوم)ہیڈ پنجند کا حفاظتی بند تباہی کے دہانے پر، محکمہ ایریگیشن کی فرضی مرمت، اندرونی غاریں اور گہرے کھڈے ممکنہ سیلاب کے باعث شہری آبادیوں عوام کے لیے خطرے کی گھنٹی تفصیل کے مطابق ہیڈ پنجند تا خیرپور ڈاہا حفاظتی بند حالیہ بارشوں کے باعث جگہ جگہ سے کھوکھلا اور خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے۔ تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بند کے اندر گہرے کھڈے اور غاریں بن چکی ہیں، جو اس کی مضبوطی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ ایریگیشن نے صرف کاغذی کارروائی اور فرضی طور پر کچھ کھڈے مٹی ڈال کر بند کرنے کی کوشش کی، لیکن حقیقت میں بند کے اندر کی کمزوری جوں کی توں موجود ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بند کے اندر سوراخ اور کھوکھلے حصے اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر فوری طور پر مضبوط اور معیاری مرمت نہ کی گئی تو کسی بھی وقت آنے والا سیلابی ریلا یا بارشوں کا دباؤ بند کو بہا کر تباہی پھیلا سکتا ہے۔ کسانوں اور قریبی بستیوں کے مکینوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کی نااہلی اور ناقص حکمتِ عملی عوامی جان و مال کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور چیف انجینئر ایریگیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذاتی طور پر نوٹس لے کر بند کی ہنگامی بنیادوں پر پائیدار مرمت کرائیں۔ عوامی نمائندوں کا کہنا ہے کہ اگر ادارے نے مزید تاخیر کی تو یہ بند بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ مقامی آبادی نے واضح کیا ہے کہ “فرضی مرمت” کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ممکنہ مون سون بارشوں یا دریائی ریلوں سے ہزاروں ایکڑ اراضی اور بستیوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
