آج کی تاریخ

ہماری حکومت گرانے کی ان کی اوقات ہے، نہ حیثیت، علی امین گنڈاپور

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ مخالفین سیاسی یا جمہوری طریقوں سے ہماری حکومت گرانے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون حرکت میں نہیں، بانی پی ٹی آئی ان حالات کے خلاف لڑ رہے ہیں، جبکہ ان کے خلاف جھوٹے اور پرانے مقدمات برسوں سے چل رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم ہمیشہ قانون کے سامنے پیش ہوئے ہیں، ایسی پیشیوں سے ہمیں خوف نہیں، بلکہ پانچ اگست کو ملک بھر میں ہر ضلع اور ہر حلقے سے عوام سڑکوں پر نکلے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف 2016 سے ایک کیس چل رہا ہے جس میں کوئی حقیقت نہیں۔ نہ میں اُس وقت موقع پر موجود تھا اور نہ ہی گاڑی میری تھی، صرف اسلحے اور بوتلوں کا جھوٹا الزام لگا کر مقدمہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ کیسز کو جان بوجھ کر لٹکاتے ہیں، لیکن ہماری جدوجہد سچائی کی ہے اور ہم ہی کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خیبرپختونخوا میں اس احتجاج کی قیادت کریں گے۔
گنڈاپور نے حکومت مخالفین کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی یا جمہوری طریقے سے کچھ نہیں بگاڑ سکتے، ان کی نہ اہلیت ہے اور نہ ہی حیثیت۔ ہاں غیر قانونی ہتھکنڈوں سے یہ ملک پر قبضہ کیے بیٹھے ہیں، اور وہی کرتے رہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں