ہارٹیکلچر ایجنسی میں ایم ڈی کی لوٹ مار ،فیول اور مرمت کے نام پر لاکھوں روپے ہڑپ تفصیلات جانیے میاں غفار کی رپورٹ میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی میں گاڑیوں کے فیول اور مرمت کے نام پر بھاری رقوم کی لوٹ مار کا انکشاف‘ غیر قانونی منیجنگ ڈائریکٹر نے سرکاری پالیسی کے برعکس ٹھیکہ کی رقوم اکٹھی کرنے کے لئے پرائیویٹ ملازم رکھ لئے ہیں‘ پرائیویٹ ملازمین کو تنخواہ اور پٹرول بھی ہارٹیکلچر ایجنسی سے دینے کا انکشاف ہوا ہے ‘تفصیل کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان میں منیجنگ ڈائریکٹر کے چند چہیتے افسران نے کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے ہیں معلوم ہوا ہے کہ پارکس کی دیکھ بھال اور گرین بیلٹس پر لگے پودوں کو پانی لگانے کے لئے ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان کے پاس تین ٹریکٹر ٹرالیاں اور 13واٹر باؤذر ہیں جن کے لئے ماہانہ12ہزار لیٹر سے زائد فیول کا بلز وصول کیا جا رہا ہے‘ موسم برسات اور سردیوں میں پانی کی فراہمی انتہائی کم ہونے کے باوجود فیول کی سپلائی معمول کے مطابق دکھائی جا رہی ہے‘ روزنامہ قوم کو ذرائع سے معلو م ہوا ہے کہ 13 واٹر باؤذر میں صرف چار معمول کے مطابق چلائے جاتے ہیں مگر فیول تمام واٹر باؤذر کا درج کیا جاتا ہے کہ اسی طرح ٹریکٹر ٹرالیاں بھی ہفتہ میں چار دن استعمال کرکے فیول روزانہ کا درج کیا جا رہا‘ صرف فیول کی سپلائی کی مد میں موٹر ٹرانسپورٹ اسسٹنٹ ظفر سیال منیجنگ ڈائریکٹر کو ماہانہ 20 لاکھ روپے سے زائد رقم اکٹھی کرکے دیتا ہے۔ اسی طرح سٹاف کی گاڑیوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں، واٹر باؤزر کی مرمت کے نام پر بھی ماہانہ جعلی بلز بنائے جاتے ہیں، جبکہ رقم اکٹھی کرنے کے لئے منیجنگ ڈائریکٹر کریم بخش نے شیر باز نامی اپنا مخصوص پرائیویٹ ملازم ہارٹیکلچر ایجنسی میں تعینات کر رکھا ہے جسے ماہانہ 40 ہزار روپے تنخواہ موٹرٹرانسپورٹ اسسٹنٹ ظفر سیال ادا کرتے ہیں اور شیر باز کو موٹرسائیکل کے لئے ماہانہ سو لیٹر پٹرول بھی دیا جاتا ہے‘ موٹر ٹرانسپورٹ اسسٹنٹ کی ”کارکردگی“سے مطمئن ایم ڈی نے اسے ریکوری آفیسر کا بھی چارج سونپ دیا ہے تاکہ ریکوری بھی بہتر طریقہ سے ہو۔ واضح رہے کہ محکمانہ کرپشن کے حوالے سے یونین رہنماؤں نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو بھی درخواستیں دی ہیں جس پر انکوائریز بھی جاری ہیں۔
ایم ٹی اے کی نوازش، ایم ڈی نے بچوں کیلئے بھی محکمہ کی نئی گاڑی گھر میں رکھ لی
ملتان(سٹاف رپورٹر)موٹر ٹرانسپورٹ اسسٹنٹ کی خصوصی نوازشیں ایم ڈی نے بچوں کے لئے بھی محکمہ کی نئی گاڑی گھر میں رکھ لی ۔معلوم ہوا ہے کہ نئی آلٹو کار 599نمبر محکمہ سے موٹرٹرانسپورٹ اسسٹنٹ کے نام پر الاٹ کی گئی ہے مگر ایم ڈی کریم بخش نے مذکورہ گاڑی اپنے بچوں کے استعمال کے لئے گھر میں رکھی ہوئی ہے اور موٹر ٹرانسپورٹ اسسٹنٹ ظفر سیال دفتری استعمال کے لئے ڈائریکٹر انجینئرنگ یا ڈائریکٹر ایڈمن کی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں ‘ایم ڈی کے گھر پر استعمال ہونے والی آلٹو کار کے لئے فیول بھی ہارٹیکلچر ایجنسی سے دیا جاتا ہے۔







