ملتان ( ) ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ گندم ہمارے ملک کی ایک اہم غذائی فصل ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ صوبہ پنجاب میں گندم کی مجموعی حالت بہت اچھی ہے۔البتہ زرد کنگی کا حملہ پنجاب کے شمالی اور کچھ وسطی اضلاع (راولپنڈی تا فیصل آباد) میں کہیں کہیں مشاہدہ میں آیا ہے۔ گندم کی زرد کنگی کے پھیلاؤ کیلئے موزوں درجہ حرارت10 تا20ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ اس بیماری کا حملہ عام طور پر پتوں پر ہی ہوتا ہے جبکہ انتہائی شدید حملے کی صورت میں سٹے بھی متاثر ہوتے ہیں۔اس کی پہچان یہ ہے کہ پودے کے پتوں پر زرد رنگ کے چھوٹے چھوٹے دھبے متوازی قطاروں میں یا لائنوں میں صف بستہ ہوتے ہیں۔ وبائی حملے کی صورت میں اس کا نقصان بھوری کنگی سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔ شدید حملے کی صورت میں نقصان 20 تا 50 فیصد تک ہو سکتا ہے۔ کاشتکار گندم کی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور فصل پر زردکنگی کے حملہ کی صورت میں محکمہ زراعت (توسیع و پیسٹ وارننگ) کے مقامی فیلڈ عملہ کے مشورہ سے سفارش کردہ زہروں کا سپرے کریں۔
