آج کی تاریخ

گلگشت پولیس کا نیا دھندا، سنوکر کھیلتے لڑکوں سے دیہاڑی، پیسے دو ورنہ پرچہ لو

ملتان(کرائم سیل) گلگشت پولیس کے جمشید حیات نامی اے ایس آئی اور انعام الحق اے ایس آئی نے گزشتہ رات ایک سنوکر کلب واقع سیوڑہ چوک پر ریڈ کر کے سنوکر کھیلتے 11 لڑکوں کو اٹھا لیا۔ ان کی جیبوں سے پیسے اور موبائل نکال لیے اور تھانے لاتے راستے میں دو لڑکوں کو دس ہزار فی کس لے کر گاڑی سے اتار دیا جبکہ باقی نو لڑکے تھانے جمع ہو گئے۔ بعد ازاں شکیل عرف بلے نامی لڑکے سے بھی 20000 ہزار میں معاملات طے کرکے ایف آئی ار سے اس کا نام نکال دیا گیا اور اس کو بھی رہا کر دیا۔ اس کے بعد جمشید اے ایس آئی نے دفتر ایس ایچ او تھانہ گلگشت میں بیٹھ کر آٹھ لڑکوں کے لئے آنے والے لواحقین کو پیسے نہ دینے کی وجہ سے غلیظ گالیاں دیں اور تھانے سے باہر نکال دیا اور بعد ازاں باقی آٹھ لڑکوں جن میں غلام رضا، عمر فاروق، راشد، طاہر،نور،حامد، وسیم اور عادل پر مقدمہ نمبر 2945 کے تحت پرچہ دے دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کانسٹیبل عمران راج جو کہ عرصہ دراز سے اسی تھانہ میں نائٹ محرر لگا ہوا ہے کو 2023 میں اس وقت کے ایس ایس پی آپریشن نے کرپشن کی وجہ سے معطل کر دیا تھا مگر 2025 میں دوبارہ اسی تھانہ گلگشت میں اسے سیاہ و سفید کا مالک بنا دیا گیا۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد گزشتہ رات باقی 8 ملزمان سے 7 ہزار فی کس لے کر شخصی ضمانت پر چھوڑ دیا اور حکم دیا کہ اگلی صبح کچہری پہنچ جانا، معلوم ہوا ہے کہ یہ معاملہ سی پی او ملتان صادق ڈوگر کے نوٹس میں لایا جا چکا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں