اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں متوقع شدید بارشوں کے پیشِ نظر سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ کے مطابق گلگت، اسکردو، ہنزہ اور شگر کے علاقوں میں 28 سے 31 جولائی کے دوران موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم اور باغ میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ چترال، بونی اور ریشن جیسے علاقوں میں بارش کے ساتھ گلیشیئرز کے پگھلنے سے دریائے چترال کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کرتے ہوئے فوری پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ریسکیو ٹیموں، مشینری اور عملے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مزید برآں، مقامی انتظامیہ اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حالات کا قریب سے جائزہ لیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاری رکھیں۔
