ملتان (وقائع نگار) نیب ملتان کی جانب سے گلبرگ ہاؤسنگ سکیم ملتان فراڈ کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ۔قومی احتساب بیورو (نیب) ملتان کی درخواست پر احتساب عدالت ملتان نے اہم کارروائی کرتے ہوئے غلام اصغر خان گورمانی اور اس کے بھائی فیصل تحسین کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87کے تحت اشتہار جاری کرنے کے احکامات صادر کر دیئے۔عدالتی حکم کے مطابق ملزمان غلام اصغر خان گورمانی جو اس وقت حلقہ PP-283 لیہ سے رکن ِ صوبائی اسمبلی بھی ہےاور اس کے بھائی فیصل تحسین کے خلاف نیب ملتان میں مقدمہ زیرِ تفتیش ہے۔معزز عدالت کو بتا یا گیا کہ ملزمان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری ہونے کے باوجود ملزمان گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش ہیں اور قانون سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔معزز عدالت نے شواہد اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت اشتہار جاری کرنے کے احکامات صادر فرمائے ہیں۔ نیب اس کیس کی مسلسل پیروی کر رہا ہے جس کے نتیجے میں مندرجہ بالا کارروائی سے مثبت پیش رفت ہوگی اور متاثرین کی رقم واپسی کے عمل کو مزید تیز کیا جاسکے گا۔ گلبرگ ہاؤسنگ سکیم ملتان فراڈ کیس میں اس پیش رفت کو نیب ملتان کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔







